سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں افسوسناک حادثہ، گیس سلنڈر دھماکے میں 6 پاکستانی جاں بحق

ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پیش آنے والے ایک افسوسناک حادثے میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں 6 پاکستانی شہری جاں بحق ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاض کے علاقے منفوحہ میں گزشتہ رات گیس سلنڈر پھٹنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے باعث وہاں موجود افراد شدید متاثر ہوئے۔ دھماکے کے نتیجے میں 6 پاکستانی شہری جان کی بازی ہار گئے۔
واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی جاری ہیں۔
پاکستانی سفارت خانے نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاں بحق افراد کی میتوں کی وطن واپسی اور دیگر قانونی کارروائیوں کے لیے سعودی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے اس افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
